بہت شہادتیں ہوچکی،مسلم ممالک فلسطین میں افواج بھیجیں :عبد الغفار روپڑی

Mar 25, 2024

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) مسلم ممالک اپنی افواج کو فلسطینی مظلوم بھائیوں کی مدد کیلئے بھیجیں بہت زیادہ شہادتیں ہو چکی اور ہزاروں زخمی بے یارو مددگار پڑے ہیں۔ آج انسانیت دم توڑتی نظر آرہی ہے یہ بات جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے لاہور کے علماء اور عہدیداران کے افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا حافظ عبد الوھاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، حافظ عبد الوحید شاہد، مولانا حافظ امجد اقبال گھمن ،قاری محمد فیاض اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسرائیل نے ہماری غیرت کو للکارا ہے اور ہزاروں فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کر کے دن رات بمباری کرکے غزہ پر قبضے کی ناپاک کوشش کر رہا ہے۔ عالم کفر اس ظالم کی کھلم کھلا سپورٹ کررہے ہیں اور ہم سوچ و بچار میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے عالم اسلام اپنی افواج کو فلسطینی بھائیوں کی مدد کیلئے بھیجنا ہو گا۔ امریکہ اور اس کے حواری اسرائیل کو فوجی امداد بھیج سکتے ہیں تو مسلمان افواج پر انکی مدد کرنا فرض ہے۔ ہزاروں شہداء کی میتیں کھلے آسمان تلے پڑی ہیں اور زخمی طبی امداد کے منتظر ہیں۔ ہمیں مسلمان ہونے کے ان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنا ہوگا۔ حکومت کو پاکستان کو بھی ایسے وقت میں اپنے مسلم دوست ممالک کے ساتھ مل کر اپنی پالیسی کا اعلان کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ شیطانوں انجمن ہے جس نے ہمیشہ مسلم دشمن کردار ادا کیا ہے۔ او آئی سی کو منافقانہ پالیسی ترک کر کے غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں