کراچی (نیٹ نیوز) کراچی میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے تین مبینہ ڈاکو پولیس مقابلے اور مشتعل ہجوم کے تشدد سے ہلاک ہو گئے۔ جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کورنگی کے ایس ایس پی حسن سردار نے بتایا کہ دونوں ملزم غوث پاک روڈ پر ایک شہری کو لوٹنے کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ زمان ٹاؤن پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل صادق نے ان کا پیچھا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے ملزم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوںملزم شدید زخمی ہو گئے۔ اس دوران جمع ہونے والے ہجوم نے ملزموں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں مبینہ ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ بعد ازاں ملزموں کی شناخت ارباز اور سمیر کے نام سے ہوئی۔ ایک اور مبینہ مقابلے میں پولیس نے گلشن معمار میںڈکیتی کے دوران شہری کو زخمی کرنے والے ایک ملزم کوگولی مار کرہلاک جبکہ دوسرے کوگرفتار کرلیا۔