پولیس اور رینجرز کا کچے کے علاقہ میں آپریشن، 2 مغوی بازیاب

Mar 25, 2024

کندھکوٹ(این این آئی+نوائے وقت رپورٹ)  تھانہ گبلو کی حدود میں پولیس اور رینجرز کا ڈاکوئوں کیخلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ایس ایس پی بشیر بروہی نے بتایا کہ دوران آپریشن پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان جدید اسلحہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس نے 2 ہفتہ قبل غوث پور انڈس ہائی وے سے اغوا ہونے والے 2 مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔بشیر بروہی نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے مغویوں میں خالد میرانی اور صدرالدین میرانی شامل ہیں، بازیاب ہونے والے دونوں مغوی صحافی سلیم میرانی کے چچازاد بھائی ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق آپریشن کی وجہ سے ڈاکو مغویوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے، پولیس نے ڈاکوئوں پر فائرنگ کر دی جس پر ڈاکو دونوں مغویوں کو چھوڑ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔بشیر بروہی کے مطابق پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مسلسل ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، دیگر مغویوں کی بازیابی کیلئے ڈاکوئوں کیخلاف کچے میں آپریشن جاری ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گاؤں جمال کندھ کوٹ میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ ہوئی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ ایس  ایچ او پر گشت کے دوران ڈاکوؤں نے حملہ کیا۔ ایس ایچ او معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ پولیس ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ ہو گئی۔ پولیس کے مطابق 6 دن سے گاؤں جمال میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کو کسی حالت میں نہیں چھوڑیں گے۔

مزیدخبریں