گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)ضلعی امیر جماعت اسلامی مظہراقبال رندھاوا،مرکزی رہنما بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ ملک کی خدمت اور حفاظت صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے۔ آیئے مل کر رمضان میں قرآن کریم سے تعلق جوڑیں اورقبضہ مافیا اور استعمار کے وفاداروں سے ملک و قوم کی جان چھڑانے کا عہد کریں۔ حکمران پارٹیوں نے الیکشن مہم میں بلندوبانگ دعوے کیے،اب کہہ رہے ہیں آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 64 میں کارکنان کے اعزاز میں سحری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انیق حسن رندھاوا، لالہ سجادمہر،امیر زون راشد امین،حافظ مرسلین بٹ،اعجازاحمد انصاری،ظفراقبال بٹ،اجمل خطیب انصاری،منصور سہیل،حسن جاوید ڈار،عمر بٹ،حنظلہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ رمضان رحمتوں اوربرکتوں کا مہینہ ہے،قرآن پاک کی تلاوت اورحدیث مصطفی کے مطالعہ کوبھی معمول بنایا جائے۔ رمضان المبارک امن و بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے ہمیں اس ماہ مقدس میں مستحقین کی امدادیقینی بنا کر ان کی زندگیوں میں بھی خوشیاں لانے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ اللہ تعالی کو راضی کیا جاسکے۔