پشاور سی آئی ڈی تھانے کی عمارت پرخودکُش حملہ، سات پولیس اہلکار جاں بحق ۔

May 25, 2011 | 02:45

سفیر یاؤ جنگ
پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر صبح چار بج کر چالیس منٹ پر خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سی آئی ڈی تھانے کی عمارت سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھاکہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے میں دو اہلکارموقع پر جاں بحق اور اٹھارہ سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت اُنتیس افراد زخمی ہوگئے ۔ تھانے کی عمارت سے پانچ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ زخمیوں کولیڈی ریڈنگ اورخیبرٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسزنے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹا کرنا شروع کردیئے ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں دو سو سے ڈھائی سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنزپشاوراعجازخان نے بتایا کہ حملے میں شہ زور گاڑی استعمال کی گئی ہے جبکہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ بھی کرلی گئی ہے۔ سڑک کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے سینئروزیر بشیراحمد بلورنے کہا کہ دہشتگرد ملک کے دشمن ہیں جن کا ڈٹ کرمقابلہ کیا جائے گا، دہشتگردی کےخلاف جنگ ہماری اپنی ہے جس میں ہمارے ہی لوگ اورجوان شہید ہورہے ہیں۔
مزیدخبریں