لاہور (اویس قریشی سے) وفاقی و صوبائی سطح پر تعلیمی اہداف پورے نہ ہونے پر ورلڈ بنک سمیت ڈونر ایجنسیوں نے فنڈز روکنے کی دھمکی د ے دی ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ بنک اس وقت تعلیم کے شعبہ میں سب سے زیادہ فنڈ فراہم کر رہا ہے۔ بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں یونیسکو، فرانس، جرمنی اور دیگر نے پرائمری اور ہائر سیکنڈری کی سطح پر کوالٹی ایجوکیشن کو پروموٹ کرنے اور شرح خواندگی میں اضافے سمیت سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے جو فنڈز جاری کئے تھے وہ متعلقہ شعبوں پر خرچ نہیں کئے گئے اب نئے بجٹ کی آمد آمد ہے اور تعلیمی اہداف ادھورے ہیں۔ پنجاب کے تعلیمی بجٹ کا اندازہ 170 ارب روپے ہے چس کا بڑا حصہ محکمہ تعلیم کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور پنشن میں چلا جاتا ہے۔ وفاقی سطح پر تعلیم کے ذمہ داران نے وزارت تعلیم کی ڈیوٹی لگا دی ہے کہ وہ مذکورہ ڈونر ایجنسیوں سے مذاکرات کر کے انہیں فنڈز ریلیز کرنے پر آمادہ کریں۔