نیو دہلی+کولکتہ (سپورٹس ڈیسک) ممبئی پولیس نے سپاٹ فکسنگ کیس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کے داماد اور چنائی سپر کنگز ٹیم کے مالک گروناتھ کو گرفتار کر لیا۔ اسے تفتیش کیلئے کرائم برانچ ممبئی منتقل کردیا گیا۔ داماد گروناتھ مایا پن کی گرفتاری کے بعد امکان ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے استعفیٰ دیدیں گے۔ رپورٹ کے مطابق گرو ناتھ نے ایک لاکھ روپے سے میچ فکسنگ اور جوئے کا آغاز کیا اور اسے ایک کروڑ روپے تک پہنچا دیا۔ قانون کے مطابق چنائی سپر کنگز کی ٹیم کو بھی آئی پی ایل سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ انڈیا سیمنٹ کمپنی نے کہا ہے کہ گروناتھ مایاپن جوکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کے داماد ہیں، چنائی سپر کنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں نہ مالک ہیں بلکہ وہ صرف اعزازی رکن ہے۔ اگر ان کیخلاف کوئی کارروائی ہوتی ہے انڈیا سیمنٹ کمپنی ”زیرو ٹالرنس“ کا مظاہرہ کرے گی۔ ان کے قصوروار ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا اور بی سی سی آئی کے نائب صدر ارون جیٹلی نے وفاقی وزیر قانون سے ملاقات کی اور انہیں کھیلوں میں کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے قانون جلد بنانے کی درخواست کی۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جو لوگ غلط کام کر رہے ہیں ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر شاشنک منوہر سے آئی پی ایل سکینڈل پر رائے طلب کر لی۔ ایک عہدیدار کے مطابق منوہر نے تجویز دی ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے بہتر ہو گا کہ اسے عہدہ سے ہٹا دیا جائے۔ منوہر نے اچھے اور برے حالات میں سری نواسن کی حمایت کی ہے تاہم اب وہ ایمانداری کے ساتھ اس کو ہٹانے کا کہہ رہے ہیں۔ سابق صدر بی سی سی آئی جگموہن ڈالمیا بھی بھارتی بورڈ پر برس پڑے ہیں کہ سری نواسن کے ساتھ رعایت کیوں برتی جا رہی ہے! ایک ٹیم کو فیس نہ دینے پر باہر کر دیا جاتا ہے جبکہ دوسروں کو کچھ نہیں کہا جاتا۔ وندو دارا سنگھ کی گرفتاری کے بعد مزید کئی بالی ووڈ ستاروں کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا ہے اور بڑی مچھلیاں سامنے آنے کا امکان ہے۔ سہارا انڈیا چیف سبراتا را¶ نے کہا ہے کہ سری نواسن کی جگہ شردپوار کو بھارتی کرکٹ بورڈ کا صدر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا سری نواسن کو خود ہی عہدہ چھوڑ دینا چاہئے۔ کوئی فرد اگر غلط کام کر رہا ہے تو دوسروں کیلئے مثال بنانے کیلئے اسے فارغ کر دیا جائے۔ اگر شردپوار کو مناسب وقت ملا تو بھارتی کرکٹ کیلئے کارگر ثابت ہونگے۔ اگر کسی ٹیم کا مالک جوئے میں ملوث ہے تو اس ٹیم کو بھی فارغ کر دیا جائے۔ سابق چیئرمین آئی پی ایل للت مودی نے بھی چنائی سپر کنگز کو آئی پی ایل سے معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نئی نیلامی کا کہہ دیا ہے۔
سری نواسن کوئی سخت قدم نہیں اٹھا سکتے۔