پاکستانی بیٹنگ کوچ ٹرینٹ ووڈہل نے معاہدہ پر دستخط کر دئیے

پاکستانی بیٹنگ کوچ ٹرینٹ ووڈہل نے معاہدہ پر دستخط کر دئیے

لندن (این این آئی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلوی بیٹنگ کوچ ٹرینٹ ووڈہل کو تین ہفتے کیلئے ساڑھے پانچ ہزار ڈالرز معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کوئنزلینڈ کے کوچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ باضابطہ معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ٹیم جوائن کرنے وہ پیر کو سڈنی سے لندن پہنچیں گے۔ پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کے مطابق 42سالہ ٹرینٹ ووڈہل کے معاہدے پر تحریر ہے کہ ساڑھے پانچ ہزار ڈالرز کے عوض انکی خدمات 20 دن کےلئے حاصل کی گئی ہیں، انہیں بتایا گیا کہ ان کی تقرری آزمائشی بنیادوں پر ہے۔ انہیں معاہدہ دستخط کرنے کیلئے بھارت بھجوایا گیا تھا اور انہوں نے معاہدے پر دستخط کرکے پی سی بی کو واپس بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر آزمائشی مدت کے دوران ان کی کارکردگی تسلی بخش رہتی ہے اور ٹیم انتظامیہ ان کے بارے میں تسلی بخش رپورٹ دیتی ہے تو انہیں چیمپئنز ٹرافی کے بعد طویل معاہدے کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن