اپوزیشن جماعتوں کی معذرت، صرف سنی اتحاد کونسل تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کریگی

لاہور (جواد آر اعوان/ دی نیشن رپورٹ) تحریک انصاف انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اپنی مہم کا دوسرا جلسہ آج فیصل آباد میں منعقد کر رہی ہے۔ صرف سنی اتحاد کونسل نے تحریک انصاف کی اس جلسے میں شرکت کی حامی بھری اور ق لیگ، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی سونامی کا حصہ بننے سے معذرت کر لی۔ اپوزیشن جماعتوں کے اس انکار کے بعد تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کی جدوجہد کیلئے اپوزیشن کے اتحاد کی کوششوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔ سنی اتحاد کونسل 20 مذہبی جماعتوں کا ایک اتحاد ہے جن میں سے صرف 4 یا 5 پارٹیاں کسی قدر سیاسی اہمیت کی حامل ہیں۔ عمران خان نے اپنے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دیا تھا کہ وہ دھاندلی مخالف مہم میں اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کریں۔ شاہ محمود قریشی کے رابطے پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی حامی بھر لی۔ تحریک انصاف کے اہم رکن نے بتایا کہ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف مہم جاری رہیگی۔ آج کے احتجاج میں اپوزیشن پارٹیاں شرکت نہ بھی کریں تو وہ دیگر احتجاجی مظاہروں میں بھی شرکت کر سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے دیگر پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت سے براہ راست رابطہ نہیں کیا۔ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے رابطے پر ق لیگ نے کہا کہ وہ آج کل پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیوں کے انتظامات میں مصروف ہیں تاہم وہ انتخابی ا صلاحات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی تائید کرتے ہیں۔ پی پی پی نے بھی انتخابی اصلاحات کی حمایت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں میں شرکت سے معذرت کر لی۔ جماعت اسلامی نے زیادہ سخت مؤقف اپناتے ہوئے تحریک انصاف کو اسمبلیوں سے استعفٰی دیکر مہم شروع کرنے کا کہا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...