واشنگٹن (ثناء نیوز) گیلپ انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں خوش رہنے والے اقوام کی فہرست جاری کردی ہے جس میں پیراگوائے کا پہلا جبکہ پاکستان کا 117 نمبر ہے۔ فہرست میں حیران کن طور پر پہلی 10 خوش رہنے والی اقوام میں سے 9 کا تعلق لاطینی امریکہ سے ہے۔ گزشتہ 2 برس سے پیراگوائے پہلے، پانامہ دوسرے اور گوئٹے مالا تیسرے نمبر پر ہے۔ متحدہ عرب امارات کا 15 واں، کینیڈا کا 16 واں، آسٹریلیا کا 18 واں، دنیا میں سب سے زیادہ خوش سمجھے جانیوالے امریکیوں کا 24 واں اور چین کا 31 واں نمبر ہے۔ بھارت کو خوش رہنے والی قوم میں 78 ویں نمبر پر ٹھہرایا گیا۔ پاکستان اس فہرست میں افغانستان سے بھی پیچھے چلا گیا ہے۔ سب سے کم خوش رہنے والی قوم شامی بتائی گئی ہے جہاں جاری کشیدگی نے اہل شام کی زندگی عذاب بنادی ہے اور 138 ممالک کے سروے میں اسکا آخری نمبر ہے۔