اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ نے سپریم کورٹ میں ذکاء اشرف کی دوبارہ بحالی کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک سال کیلئے ایڈہاک لگانے پر غور شروع کردیا، نجم سیٹھی کی متنازع حیثیت کے باعث شہریارخان کو ایڈہاک کمیٹی کا چیئرمین بناکر سابق کرکٹرزکو کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ نے سپریم کورٹ میں ذکاء اشرف کی دوبارہ بحالی کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک سال کیلئے ایڈہاک لگانے پر غور شروع کردیاہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے بحالی کی صورت میں حکومت نئے ایس آراو کے تحت پی سی بی میں فوری ایڈہاک لگادی دے گی لیکن اس مرتبہ نہ نجم سیٹھی دوبارہ پی سی بی جائیں گے اور نہ ہی ذکاء اشرف بلکہ نئے چیئرمین کو لا کر معاملہ ختم کردیا جائے گا۔نجم سیٹھی کی متنازع حیثیت کے باعث سابق سفیر اور وزیراعظم کے قریبی ساتھی شہریارخان کو ایڈہاک کمیٹی کا چیئرمین بناکر سابق کرکٹرزکو کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایک سال سے پی سی بی کے چیئرمین کے حوالے سے امور عدالتوں میں چل رہے ہیں جس کے باعث نجم سیٹھی اور ذکاء اشرف تین تین بار برطرف ہونے کے باوجود بحال ہوتے رہے ہیں۔اس صوررتحال میں پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔