لاہور (خبر نگار) پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ کی مشترکہ ہوائی مشق شاہین تھری کے آخری مرحلے کا معائنہ کیا جو پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائربیس پر ہوئی۔ چینی فضائیہ کا دستہ پائلٹس، ائر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے پر مشتمل ہے۔ مشترکہ ہوائی مشق کے معائنے کے بعد ائرچیف نے پائلٹس اور تکنیکی عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس مشق میں حصہ لینے والے دستے سے خطاب کرتے ہوئے ائرچیف نے کہا ’’دو بہترین پیشہ وارانہ فضائی افواج کے درمیان ہونے والی فضائی مشقیں نہ صرف ہمارے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ ہمیں ایک دوسرے کے جنگی تجربات سے سیکھنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ شاہین تھری کے حقیقی جنگی تناظر میں انعقاد سے دونوں فضائی افواج کے دستوں کو فضائی جنگوں میں استعمال ہونے والی جدید حربی چالوں سے روشناس ہونے کا موقع فراہم ہو گا۔‘‘ چینی فضائیہ کا دستہ جے ٹین اور جے سیون لڑاکا طیاروں پر مشتمل ہے جبکہ پاک فضائیہ کے تھنڈر جے ایف 17‘ میراج اور ایف سیون پی جی جنگی طیارے اس ہمہ جہت مشترکہ فضائی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فضائیہ باقاعدگی سے اندرون اور بیرونِ ملک اسطرح کی مشقوں کا انعقاد کرتی ہے۔ فضائی مشق ’’شاہین تھری‘‘ جو کہ چینی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی فضائی مشقوں کے سلسلے کی تیسری مشقیں ہیں جو کہ ہر سال ایک دفعہ دونوں ملکوں میں باری باری منعقد ہوتی ہیں۔