کابل+نیو یارک (آن لائن+ اے ایف پی) طالبان نے صوبہ بدخشاں کے ضلع یمگان سے مزید 15پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ادھر افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے حملوں میں 36 طالبان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ننگرہار‘ برفشار‘ قندوز ‘ وردک ‘ لوگار‘ پکتیا اور غزنی میں آپریشن کئے، 9 کو گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکہ نے افغانستان میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقع میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بلا مقبالہ ایک قرار داد کی منظوری دی گئی جس میں تمام رکن ممالک نے افغان صوبہ ہروت میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ واقع کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کہ دہشت گردانہ حملے افغانستان ،امن ،جمہوریت اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔قرار داد میں کہاگیا ہے کہ افغانستان میں امن کی و استحکام کے لئے اہم اقدامات جاری رہیں گے ۔دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ کی قانون ترجمان میری ہاریف نے بھی افغانستان بھارتی قونصلیٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں افغانستان میں اس طرح کی سکیورٹی صورت حال پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں سکیورٹی صورت حال کے لئے افغان حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔