امریکہ کا بھارت سے بجلی خریدنے کیلئے پاکستان کو ناقابل عمل مشورہ

May 25, 2015

اداریہ

امریکہ نے پاکستان کو اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھارتی پنجاب سے اضافی بجلی خریدنے کی تجویز دی ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ کی جانب سے یہ تجویز گزشتہ ماہ اسلام آباد میں امریکہ پاکستان ورکنگ گروپ کے اجلاس میں دی گئی۔
پاکستان شدید بجلی بحران سے دوچار ہے جس کے باعث ہماری انڈسٹری تباہ اور معیشت ڈانواں ڈول ہے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کو بجلی کی شدید ضرورت ہے تاکہ اس کی صنعت چل سکے لیکن پاکستان کبھی بھی بھارت سے بجلی نہیں خریدے گا کیونکہ بھارت نے پاکستان کے حصے کے پانی پر قبضہ جما رکھا ہے۔ کشمیر کی طرف سے پاکستان میں داخل ہونے والے دریاﺅں پر ڈیم بنا کر ہمارے دریاﺅں کو خشک کر ڈالا ہے۔ امریکہ بھارت کو یہ کیوں نہیں کہتا کہ وہ پاکستان کے حصے کا پانی اسے دے۔ امریکہ آخر کب تک بھارت کی سرپرستی کر کے اسے خطے میں تھانیدار بنانے کی کوشش جاری رکھے گا؟ گزشتہ روز بھارتی وزیر دفاع نے کھلم کھلا اعلان کیا ہے کہ ہم پاکستان میں دہشت گردوں کو استعمال کریں گے۔ امریکہ جب دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے تو بھارتی وزیر کی اس ہرزہ سرائی پر واشنگٹن کیوں خاموش ہے؟ کیا ان حالات میں بھارت سے کوئی معاملہ کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ پاکستان کو بھارت سے بجلی خریدنے کے ناقابل عمل مشورے دینے کے بجائے پاکستان نے بجلی اور گیس خریدنے کیلئے ایران کے ساتھ جو معاہدے کر رکھے ہیں انہیں پایہ¿ تکمیل تک پہنچانے کی اجازت دے۔ آجکل امریکہ کے ایران کے ساتھ تعلقات بھی بہتر ہیں اور ایران پر لگی عالمی معاشی پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں اس لئے امریکہ پاکستان کو نیا راستہ دکھانے کی بجائے ایران کے ساتھ جاری پروگرام کو مکمل کرنے کی اجازت دے تاکہ پاکستان توانائی بحران سے چھٹکارا حاصل کر سکے۔

مزیدخبریں