نیو جرسی (بی بی سی ،اے ایف پی )امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں ایک پولیس افسر کو سیاہ فام جوڑے کے قتل کیس میں بری کرنے پر ہنگامے پھوٹ پڑنے کے بعد پولیس نے 70افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔شہر میں بدامنی ہے۔مائیکل بارلو نامی افسر پر 2012 میں اس جوڑے کی کار پر فائرنگ کر کے ان کو غیر ارادی طور پر قتل کرنے کا الزام تھا لیکن عدالت نے انھیں اس الزام سے بری کر دیا ہے۔حالیہ دنوں میں امریکی پولیس کے ہاتھوں کئی غیر مسلح سیاہ فام باشندوں کی ہلاکتوں سے مختلف امریکی شہروں میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا اور مظاہرے کیے گئے۔ سنیچر کو کلیولینڈ کی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس افسران نے جوڑے کی گاڑی پر 137 گولیاں چلائی تھیں اس لیے یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ مائیکل بارلو کی جانب سے چلائی جانے والی گولیاں ہی مقتولین کی موت کی وجہ بنی۔امریکہ میں صرف 2014 میں نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے 1149 افراد پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ہیں۔
سیاہ فام جوڑے کے قتل کیس میں پولیس افسر بری: امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈ میں ہنگامے، 70 افراد گرفتار
May 25, 2015