حافظ آباد(نمائندہ نوا ئے وقت) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد یہ سانحہ نہیں رہا بلکہ یہ شریف صوبائی حکومت کے خلاف بہت بڑی سازش قرار پائی ہے۔ پاکستان کے دل لاہور کے وسط میں عوام نے جو کچھ ہوتے دیکھاکیا وہ جھوٹ تھا۔ صحافیوں کے ایک گروپ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ انصاف کا تازہ ہونے والا خون ماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کے خون کو چھپا نہیں سکے گا اور یہ خون ناحق ضرور رنگ لائے گاا ور ملک کے اوپر’’ڈبل سواری‘‘ کرنے والے دونوں شریف کسی اور’’ شریف‘‘ کے ہاتھوں کیفرکردار تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری ورکروں کو مروا کر خود موت سے ڈر کے کینیڈا بیٹھے ہیں وہ بھی اتنے ہی ذمہ دار ہیں جتنے شہباز اور رانا ثناء اللہ۔