لاہور (این این آئی) پاکستان میں تعلیم کے لئے کام کرنے والی معروف سماجی تنظیم الف اعلان نے سال 2016ء کے لئے ملک بھر کے تمام صوبوں کے اضلاع کی تعلیمی درجہ بندی جاری کر دی۔ یہ درجہ بندی سکولوں میں موجود سہولیات‘ تعلیم تک رسائی‘ تکمیل‘ سیکھنے کے معیار اور صنفی مساوات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ تعلیمی سکور کے حساب سے اسلام آباد مسلسل چوتھے سال بھی سرفہرست ہے۔ صنفی مساوات میں پنجاب کا سکور سب سے سرفہرست 95.18 فیصد ہے جبکہ اسلام آباد 94.82 فیصد کے ساتھ دوسرے اور کے پی کے 75.96 فی صد کے چھٹے نمبر پر ہے۔ سکول انفراسٹرکچر کے لحاظ سے بھی پنجاب پہلے نمبر پر جبکہ اسلام آباد دوسرے اور کے پی کے تیسرے نمبر پر ہے۔ صوبائی درجہ بندی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہلے‘ آزاد جموں و کشمیر دوسرے جبکہ پنجاب کا تیسرا نمبر رہا ہے۔ گلگت بلتستان کا نمبر بغیر کسی تبدیلی کے چوتھے سال بھی چوتھا ہے جبکہ خیبرپختونخوا پانچویں اور سندھ چھٹے نمبر پر ہے۔ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) اور بلوچستان آخری نمبروں بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پر رہے۔