نوشکی (بیورو رپورٹ+ اے ایف پی +نوائے وقت رپورٹ) نوشکی کے قریب مبینہ ڈرون حملے میں تباہ ہونے والی گاڑی اور موقع سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے گئے، حملے میں ہلاک ہونیوالے ولی محمد کی نعش ر فیق نامی شخص کے حوالے کر دی گئی۔ شواہد 24 گھنٹے کے دوران اعلیٰ تحقیقاتی اداروں کے حوالے کردئیے جائیں گے جبکہ براہ راست تفتان ایران سے پاکستان آنے والے تمام افراد کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا۔ حاصل کئے گئے ڈیٹا کے مطابق ولی محمد نامی شخص 21 مئی کو ایرانی ویزے پر پاکستان میں داخل ہوا جبکہ اس سے قبل ولی محمد ایران کے شہر مشہد اور دیگر شہروں میں بھی گیا۔ دوسری جانب سکیورٹی اداروں نے کوئٹہ میں ولی محمد کے بننے والے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ڈاکٹرز نے ولی محمد کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر کے گزشتہ روز اسلام آباد بھجوا دئیے گئے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈی این اے رپورٹ ایک ہفتے تک ملے گی۔ ولی محمد نامی شخص کی نعش سول ہسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ نے رفیق نامی شخص کے حوالے کر دی۔ سول ہسپتال کوئٹہ کے ذرائع کے مطابق نعش پوسٹ مارٹم کے بعد متعلقہ لیویز اہلکاروں کی موجودگی میں قلعہ عبداللہ کے رہائشی رفیق نامی شخص کے حوالے کی گئی تھی۔ رفیق نامی شخص نے خود کو ولی محمد کا بھانجا ظاہر کیا تھا۔ ادھر ولی محمد کا شناختی کارڈ کوئٹہ سے بھاری رشوت کے عوض بنوانے کا انکشاف بھی ہوا ہے جس نے نادرا کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔ محمد ولی کا نام میونسپل کمیٹی چمن کی ووٹرز لسٹ میں بھی درج ہے جس نے شناخت کو مزید الجھا دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق سرکاری اہلکار کے مطابق ملااخترمنصور نے جعلی نام کے ساتھ پاکستانی پاسپورٹ استعمال کیا اور متعدد غیر ملکی دورے گئے اور اس کے دوروں میں متحدہ عرب امارات کے زیادہ دورے شامل ہیں امیگریشن کے ایک اہلکار کے مطابق ولی محمد نے تفتان بارڈر کراس کرنے کے بعد یورو کو پاکستانی روپے میں تبدیل بھی کر دیا جب کہ ایران کی طرف سے اس کے داخلے کی تردید کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نوشکی مبینہ ڈرون حملے کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق محمد ولی کا نام چمن میں ووٹر لسٹ میں ہے جس میں اس کا پتہ بھی موجود ہے ۔ چمن میونسپل کمیٹی کی حتمی انتخابی فہرست میں محمد ولی کا نام سیریل نمبر 38 میں شامل ہے جس میں اس کا نام محمد ولی ولد شاہ محمد شناختی کارڈ نمبر اور پتہ جدید آبادی چمن ضلع قلعہ عبداللہ درج ہے تاہم جدید آبادی میں محمد ولی کی رہائش گاہ کا تاحال پتہ نہیں لگایا جا سکا اہل علاقہ کے مطابق اس نام کا کوئی شخص یہاں نہیں رہتا۔ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے ولی محمد کے شناختی کارڈ کی تصدیق کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق منگل کو کوئٹہ میں ایف آئی اے نے چھاپہ مار کر ایک شخص رفیق کو گرفتار کرلیا۔ ٹی وی کے مطابق رفیق علاقے کا تحصیلدار ہے۔ شناختی کارڈ کی تصدیق کرنیوالے دو افراد پکڑے گئے جن میں لیویز کا رسالدار بھی شامل ہے۔
ولی محمد کی نعش بھانجا ظاہر کرنیوالے رفیق کے حوالے‘ شناختی کارڈ کی تصدیق کرنیوالے 2 افراد گرفتار
May 25, 2016