ملا اختر منصور علاج کیلئے ایران گئے‘ ٹیلی فونک گفتگو سے سراغ ملا: امریکی اخبار

May 25, 2016

نیویارک (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملا منصور کو نشانہ بنانے سے کئی ہفتے قبل پاکستانی حکام کو ممکنہ ٹارگٹ سے متعلق آگاہ کر دیا تھا۔ نیویارک ٹائمز نے ملا منصور کے ایران میں قیام کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاج کیلئے وہاں گیا تھا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر اوباما نے ملا منصور کی ہلاکت سے کچھ ہفتے قبل منظوری دیتے ہوئے پاکستانی حکام کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔ ملا منصور کو ٹیلی فونک رابطوں، سیٹلائٹ تصاویر اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا، یہ انٹیلی جنس معلومات دیگر ذرائع کے ساتھ پاکستان نے بھی فراہم کی تھیں۔ اخبار کے مطابق ملا منصور افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں میں بھی رکاوٹ تھا۔ ملا منصور کی ہلاکت سے مذاکرات کا عمل ختم نہیں ہو گا بلکہ اس میں تیزی آئے گی۔ دریں اثناء امریکی اخبار یو ایس اے ٹو ڈے نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ پاکستان اگر چاہتا ہے کہ اس کی خود مختاری کی خلاف ورزی نہ کی جائے تو اسے دہشتگردوں کو پناہ نہیں دینی چاہیے۔ اخبار لکھتا ہے کہ دہشتگردوں نے بلوچستان کو اپنی محفوظ پناہ گاہ بنا رکھا ہے اور پاکستان کی طرف سے اسے نظرانداز کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں