لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی کرکٹ کمیٹی کے پانچ نام فائنل کر لیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی نئی کرکٹ کمیٹی کے لیے مدثر نذر، انتخاب عالم،اقبال قاسم، عدنان مظفر اور عروج ممتاز کے ناموں پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ پہلی مرتبہ کرکٹ کمیٹی میں ویمن کرکٹ کو بھی نمائندگی کا موقعہ دیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ چند روز میں نئی کرکٹ کمیٹی کا باضابطہ اعلان بھی کر دے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بھارت میں ہونیوالی ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی چیمپئن شپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناکامی کے بعد کرکٹ کمیٹی تحلیل کرتے ہوئے نئی کرکٹ کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہارون رشید کی سربراہی میں کام کرنیوالی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کیا گیا۔ہیڈ کوچ وقار یونس مستعفی ہو کر پاکستان ٹیم سے الگ ہو گئے۔پی سی بی کی طرف سے نئی کرکٹ کمیٹی کے لیے جن ناموں پر اتفاق ہوا ہے ان میں انتخاب عالم اس وقت بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک ہیں وہ قومی ٹیم کے مینجر کی حیثیت سے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔ مدثر نذر کی پی سی بی ہیڈ آف اکیڈمیز یا ڈائریکٹر اکیڈمیز کے عہدے پر تقرری کرنیوالا ہے۔ مدثر نذر آئی سی سی گلوبل اکیڈمی ہیڈ کوچ کا عہدہ چھوڑ کر پاکستان آ رہے ہیں۔کرکٹ کمیٹی کے ایک اور سینئر رکن اقبال قاسم سابق ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ وہ ماضی میں چیف سلیکٹر اور گورننگ بورڈ کے رکن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ عدنان مظفر کا تعلق کرکٹ بورڈ کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈیپارٹمنٹ سے ہے۔پہلی بار عروج ممتاز کو ویمن کرکٹ کی نمائندہ کے طور پر کرکٹ کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے وہ ویمن سلیکشن کمیٹی کی رکن بھی ہیں۔