ریلوے کرایوں میں کمی، اطلاق یکم سے 20 رمضان تک تمام کلاسز پر ہو گا: سعد رفیق

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کرایوں میں کمی کا اطلاق یکم تا 20 رمضان المبارک تک ہو گا اور تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر کرایوں میں بیس فیصد کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے خسارہ کم کرنے کے لئے آمدن کو بڑھایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب وزارت سنبھالی تو اس وقت ریلویز کی آمدن 18ارب تھی جوکہ اب 41ارب ہو چکی ہے۔ آئندہ مالی سال ریلویز آمدن کا ہدف 53ارب رکھا جائیگا۔ جب حکومت ملی تب تنخواہ کی مد میں ملازمین کو 33ارب ادا کر رہے تھے۔

رواں سال تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 53ارب ادا کر رہے ہیں۔ ریلوے بجٹ کا 74فیصد تنخواہوں اور پنشن میں خرچ ہو جاتا ہے۔ ریلوے ملازمین کے پے اینڈ پنشن میں 20 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہیں صوبائی پولیس کے برابر ہونی چاہئیں، پی ایس او اور پاکستان ریلویز کے مابین فیول ٹرانسپورٹیشن کا معاہدہ طے پا گیا۔ پی ایس او 20 لاکھ ٹن آئل کی پاکستان ریلویز کے ذریعے ترسیل کا پابند ہو گا۔ پی ایس او کے ساتھ معاہدہ پانچ سال کے لئے طے پایا ہے جبکہ پی ایس او کو ترسیل کی مد میں پندرہ یوم کے اندر کرایہ ادا کرنا ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن