واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کی وفاقی عدالت نے پاکستانی اور برطانوی شہریت رکھنے والے ایک شخص کو دواؤں کی جعلسازی کے الزام میں 6 سال قید کی سزا سنا دی۔ دہری شہریت رکھنے والے مصطفیٰ حسن عارف نامی شخص نے انٹرنیٹ پر دوائیں بیچنا شروع کیں ۔جن کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان دواؤں سے الزائمر اور ایمفیزیما جیسی بیماریوں کا بھی علاج کیا جاسکتا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 37 سالہ مصطفی حسن عارف نے اس دھوکہ بازی سے 1500 ویب سائٹ کی مدد سے اپنی دوائیں بیچ کر ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر کمائے ہیں (تقریباً پاکستانی ایک ارب 28 کروڑ روپے سے زائد) جبکہ دنیا بھر سے تقریبا 1 لاکھ سے زائد افراد ان کی اس جعلسازی کا شکار ہوئے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ویب سائٹس دعویٰ کرتی تھیں کہ یہ ادویات سیکڑوں بیماریوں کا علاج کریگی، حالانکہ ان بیماریوں میں ایسی بھی بیماریوں کے نام شامل تھے جو اب تک لاعلاج ہیں۔ دستاویزات کے مطابق، ان ادویات کے اشتہارات میں صحتیابی کے جعلی امکانات، غلط طبی ریسرچ اور جعلی اسناد دکھائی گئیں تھیں۔ دھوکہ دہی کے مرتکب ہونے پر امریکی وفاقی عدالت کی جانب سے مصطفیٰ حسن عارف کو سزا سنائی گئی۔