کراچی(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا سول سوسائٹی سمیت تمام فریقوں کی اجتماعی کوششوں سے بدعنوانی کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، پاکستان کو سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے، پاکستان نے نیب کی انسداد بدعنوانی کی کوششوں کی بدولت یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بیورو کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ اجلاس ان کی صدارت میں نیب کراچی بیورو میں ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی محمد الطاف بوانے نے چیئرمین نیب کو 2017ء کے دوران نیب کراچی بیورو کی کارکردگی اور بدعنوانی کی روک تھام کے حوالہ سے اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی نے بتایا کہ نیب کراچی نے 24 مئی 2017ء تک 2149 شکایات نمٹائی ہیں، 107 شکایات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا، 146 انکوائریوں اور 118 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ نیب کراچی نے اس عرصہ کے دوران احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 52 ریفرنس دائر کئے ہیں، 45 ملزموں کو گرفتار کیا ہے جبکہ بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 206.069 ملین روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو نمایاں کامیابی ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب بدعنوانی کی روک تھام کا اعلیٰ ادارہ ہے، اسے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، نیب آرڈیننس 1999ء کے تحت کام کرتا ہے، فاٹا، گلگت بلتستان سمیت پورا ملک نیب کے دائرہ کار میں آتا ہے، نیب کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہے جبکہ 8 علاقائی بیوروز کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سکھر، ملتان، گلگت بلتستان اور راولپنڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک کے نوجوانوں میں بدعنوانی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں اور مختصر عرصہ میں ملک بھر کی یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں میں 42 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں، نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی پالیسی 2017ء میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سول سوسائٹی، میڈیا، عوام اور متعلقہ فریقوں کے تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی اہم علاقائی بیورو ہے جو نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ چیئرمین نیب نے کراچی بیورو کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت سے اپنی شاندار کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ایمانداری سے میرٹ پر اپنے فرائض سرانجام دیں۔
نیب بدعنوانی کی روک تھام کا اعلیٰ ادارہ ہے: قمر زمان چودھری
May 25, 2017