ملتان (کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں مبینہ خود کشی کرنے والے واپڈا ٹاؤن کے سابق سیکرٹری سعید احمد خان کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کے لئے دوبارہ فل وینٹی لیٹر پر منتقل کر کے ان سے ملاقات پر پابندی عائد کردی ہے۔ نشتر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل سعید احمد خان کی طبیعت میں منگل کے روز کچھ بہتری آئی تھی لیکن بدھ کی صبح سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم نے چیسٹ انفیکشن کی تشخیص کی اور سانس لینے میں شدید دشواری اور گھٹن پیدا ہونے پر دوبارہ فل وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا ہے۔ ڈاکٹروں نے مریض کے پھیپھڑوں میں خون جانے پر ان کی سانس اور پھیپھڑوں کی بحالی کے لئے بھرپور کوششیں اور علاج شروع کردیا ہے بدھ کی شب سینئر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم نے ان کا دوبارہ معائنہ کیا اور ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل میں قید سعید احمد خان پر الزام ہے کہ 22 مئی کی علی الصبح انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل کی بیرک میں مبینہ طور پر گلے پر بلیڈ پھیر کر خودکشی کی کوشش کی تھی اور مسلسل بے ہوش ہیں۔