کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج کی کوئلہ کان میں مٹی کاتودہ گرنے سے 4 کان کن جان بحق ہوگئے۔ نعشیں کوئلہ کان سے نکال کر ہسپتال منتقل کردی گئیں، حادثے کے بعد کوئلہ کان سیل کردی گئی۔ چیف مائنز انسپکٹر بلوچستان افتخار احمد نے بتایا کہ کوئٹہ کے نواح میں واقع پی ایم ڈی سی سورینج کی کوئلہ کا ن میں چار کان کن کان کنی کررہے تھے کہ اچانک مٹی کا ایک تودہ آن پر آگرا جس سے 4 کانکن کشمیر خان، قیوم، عرفان، علی رحمان جان بحق ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملنے پر مائنز ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ جان بحق مزدوروں کا تعلق سوات کے علاقے میاں قلعہ شانگلہ سے ہے۔ چیف مائنز انسپکٹر نے بتایا کہ حادثے کے بعد کوئلہ کان کو سیل کردیا ہے جبکہ حادثے کی تحقیقات کیلئے جونئیر مائنز انسپکٹر محمد عاطف کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔