ٹرمپ کی پوپ سے ملاقات، ملانیا، ایوانکا نے سکارف پہنے، سعودی عرب میں پابندی نہیں کی

ویٹی کن سٹی (آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویٹی کن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات کی، امریکی صدر نے پوپ سے عہد کیا کہ وہ ان کا پیغام کبھی نہیں بھولیں گے۔ ٹرمپ اور پوپ کی ملاقات تقریبا نصف گھنٹے تک جاری رہی۔ پوپ نے ملاقات کے دوران ٹرمپ سے کہا کہ وہ دنیا میں امن کیلئے کام کریں۔ اس موقع پر نہ صرف انکی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بلکہ سیکرٹری آف سٹیٹ ریکس ٹلرسن اور قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر بھی موجود تھے۔ ویٹی کن آمد پر پورا ٹرمپ خاندان سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھا جبکہ ٹرمپ کی اہلیہ اور انکی صاحبزادی نے ویٹی کن کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سر بھی جزوی طور پر ڈھانپ رکھے تھے۔ گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر مقامی رواج کے برعکس ٹرمپ کے ساتھ موجود کسی خاتون نے سر پر اسکارف نہیں پہنا تھا۔ میلانیا جو مذہبی اعتبار سے کیتھولک مسیحی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پوپ فرانسس سے درخواست کی کہ وہ انہیں روزیری مالا سے نوازیں اور ہلکے پھلکے انداز میں کچھ باتیں بھی کیں۔ پوپ نے میلانیا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہلکے انداز میں کہا ٹرمپ موٹے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے صدرکو ایٹمی ہتھیار رکھنے والا پاگل آدمی قرار دےدیا۔ امریکی میڈیا نے ٹرمپ کی گذشتہ ماہ فلپائنی صدر سے ہونےوالی گفتگو کا متن جاری کر دیا۔ امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے فلپائنی صدر روڈ ریگو سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والے پاگل آدمی کو آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا۔صدر ٹرمپ بیلجیئم پہنچ گئے۔ جب وہ برسلز میں نیٹو کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے تو ہزاروں افراد نے ان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ٹرمپ نے بیلجیئم کے بادشاہ اور وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ٹرمپ

ای پیپر دی نیشن