راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پرسیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خنجر سیکٹر میں بھارتی فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ گاڑی مبصرین گروپ کے میجر ایمانویل اور میجر مرکو کو لے جا رہی تھی۔ یو این مبصرین کی گاڑی پر طریقہ کار کے تحت نیلا جھنڈا لہرا رہا تھا۔ یو این مبصرین گروپ کے افسران بھارتی فائرنگ سے محفوظ رہے۔ دونوں افسران کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مبصرین کا تلعق فلپائن اور کروشیا سے ہے۔ دریں اثنا اے این این کے مطابق بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے بڑھک مارتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کو کمزور نہ سمجھے، پراکسی جنگ کے ذریعے جموں و کشمیر پاکستان کو لینے نہیں دیں گے، جب تک پاکستان دہشت گرد گروپوں، دہشت گردوں یا مقبوضہ وادی میں شورش کو سپورٹ کرتا رہیگا، اسے نشانہ بناتے رہیں گے۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام بڑا واضح ہے، دہشت گردی قابل قبول نہیں اور ہم دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، کشمیریوں کو احساس کرنا چاہیے کہ پاکستان انہیں مہرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے، کشمیر میں جاری شورش کا نقصان صرف وادی کے لوگوں کو پہنچ رہا ہے۔