چیمپئنز ٹرافی: پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی میں اضافہ ‘ وارم اپ میچز کل سے شروع ہوں گے

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) مانچسٹر دھماکے کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے برمنگھم میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کےلئے قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں برطانیہ کے شہر برمنگھم میں موجود ہے جہاں مانچسٹر میں ہونے والے دھماکے کے بعد ٹیم کی سکیورٹی بڑھادی گئی اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے دھماکوں کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا تھا اور آئی سی سی سے قومی ٹیم کی سکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا تھا ، انہوں نے کہا تھا کہ ہماری سکیورٹی مزید بہتر کی جائے اور ٹیم کا ہوٹل تبدیل کیا جائے یا دوسری ٹیموں کے ہوٹل میں ٹھہرایا جائے۔واضح رہے کہ پیر کی شب مانچسٹر میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران دھماکے میں 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ جس کے بعد آئندہ ماہ انگلینڈ ہی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ورلڈکپ کی سکیورٹی پر بھی سوالیہ نشان عائد ہو چکا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی کو خط بھی لکھا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ وارم اپ میچز کا سلسلہ کل سے لندن میں شروع ہو گا۔ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف میچز میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ چیمپئنز ٹرافی یکم سے 18 جون تک کھیلی جائے گی جس میں دنیائے کرکٹ کی صف اول کی آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں پاکستان، میزبان انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بھارت، عالمی چیمپئن آسٹریلیا، بنگلہ دیش ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں، بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ٹرافی سے قبل مجموعی طور پر چھ وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے، 26 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا، 27 مئی کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 28 مئی کو بھارت کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، 29 مئی کو پاکستانی ٹیم کینگروز کے مدمقابل ہو گی۔ 30 مئی کو آخری دو وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے، بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔ایونٹ کاباقاعدہ آغاز یکم جون سے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چار جون کو مد مقابل ہونگی ۔ بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن