متاثرین خان پور ہائیڈرل پاور کا انوکھا احتجاج، اجتماعی خودکشی کی کوشش ناکام

May 25, 2017

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ خان پور ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کے پل کے زمین بوس ہونے کے بعد دوبارہ کام شروع نہ ہونے اورملازمین کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں نہ ہونے کیخلاف شیخوپورہ کی تاریخ میں مزدوروں نے انوکھا احتجاج کیا ،پہلے انہوں نے اجتماعی طور پر اپر چناب کینال میں کود کر اجتماعی خودکشیاں کرنے کی کوشش کی جو پولیس نے ناکام بنادی اور بعد ازاں انہوں نے سارا دن بینڈ باجے بجا کر احتجاج کرتے رہے۔ کئی گھنٹے تک سخت دھوپ میںپنجاب حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ بتایا گیا کہ ہائیڈرل پاور پراجیکٹ پرکام کرنیوالے سینکڑوں مزدوروں ،ٹرانسپورٹرز اور ٹھیکیداران کو گزشتہ6 ماہ سے تقریباً8 کروڑ روپے کی ادائیگیاںنہیں کی گئیں جس کے باعث انکے گھروں میں فاقہ کشی شروع ہوگئی۔ وہ ہر روز ہائیڈرول پاور پراجیکٹ پر کام کیلئے آتے ہیں حکومت پنجاب اور تعمیراتی کمپنی نے ٹھیکیدار کے نمائندوں کو شٹل کاک بنا رکھا ہے، ہر روز ادائیگی کرنے کا بہانہ کرکے پھر اگلے روز کا وعدہ کرلیا جاتا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر آئندہ 24گھنٹوں کے دوران انہیں ادائیگیاں نہ کی گئیں تو پھر وہ تادم مرگ بھوک ہڑتال کرینگے۔

مزیدخبریں