دمشق+فرانس (نیوز ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) شامی فورسز نے ایک کارروائی میں داعش کے وزیر برائے جنگی امور ابو مصعب المصری کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کو حلب کے مشرق میں کی گئی ایک عسکری کارروائی میں داعش کے وزیر برائے جنگی امور سمیت 12سینئر عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ادھر رقہ شہر کے نواحی گاؤں میں امریکی اتحادیوں کے طیاروں کی بمباری میں بچوں سمیت سولہ شہری مارے گئے۔ انسانی حقوق کی تنظیم آبزرویٹری کے ترجمان نے دعویٰ کیا البرودہ گاؤں کو نشانہ بنایا، 5 بچے شامل ہیں جو بہن بھائی تھے۔ فرانس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق دو روز قبل اطلاعات تھیں کہ نئے فرانسیسی صدر ماک غوں 2012ء سے دمشق میں فرانسیسی سفارت خانے کی بندش کے فیصلے پر نظرثانی کررہے ہیں۔ تاہم وزارت خارجہ کے ترجمان رومین ندال نے واضح کیا ہے کہ دمشق میں سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ فی الوقت ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔