کراچی (کامرس ڈیسک) رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے سینیئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے نام ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ان سے در خواست کی گئی ہے کہ چونکہ پاکستان میں زمینوں کی قیمتیں نہایت بڑھ چکی ہیں اسکے علاوہ آئندہ چند سالوں میں پاکستان میں چاول کی پیداوار بڑھنے کے روشن امکانات ہیں جس کی وجہ سے چاول کی اسٹوریج کیلئے سائلوز (SILOS)اور گودام کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس ضمن میں انہوں نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سے استدعا کی ہے کہ ہمارے ممبران کی اکثریت کارپوریٹ کلاس سے تعلق رکھتی ہے لہذا اگر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اسلامی بینکوں کو چاول کی اسٹوریج کیلئے قرضہ فراہم کرنے کی اجازت دے دے تو چاول کی بر آمدات کے شعبے میں بہتری آنے کے امکانات ہیں اور امید ہے کہ ہم مزید بہتر معیار کا پاکستانی چاول بر آمد کر سکیں گے اور ملک کیلئے مزید زر مبادلہ حاصل کر سکیں گے ۔ مزید بر آں ہمارے کاشتکاروں کے پاس چاول کی جدید مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں اچھے معیار کے چاول کی فراہمی میں مشکلات ہیں ۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چاول کی اسٹوریج کیلئے اور ڈرائر کاشتکاروں کو طویل مدت (Long Term)کے سود سے پاک قرض کی بنیاد پر فراہم کردئیے جائیں ۔
چاول کی اسٹوریج کیلئے حکومت قرضے فراہم کرے، رفیق سلیمان
May 25, 2018