لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو 30مئی کو طلب کر لیا۔ عدالتی استفسار پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے آگاہ کیا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال عمرہ کی ادائیگی کےلئے سعوی عرب گئے ہیں۔آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہاں فل بنچ بیٹھا ہے اور احسن اقبال اچانک سعودی عرب کیسے چلے گئے۔ بتایا جائے کہ احسن اقبال کے پاس پریس کانفرنسز کا وقت ہے مگر عدالت میں پیش ہونے کا کیوں نہیں؟۔ عدالت نے کہا کہ احسن اقبال کا عدالت کے سامنے رویہ درست دکھائی نہیں دے رہا۔ فل بنچ نے حیرت کا اظہار کیا کہ کیا احسن اقبال رات کو سوئے اور صبح اچانک عمرے پر چلے گئے۔ احسن اقبال کب پیش ہوں گے یہ بتائیں۔ وزیر داخلہ کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے احسن اقبال کو30 مئی کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
احسن اقبال طلب
احسن اقبال کا رویہ نامناسب‘ 30 مئی کو پیش ہوں‘ پریس کانفرنس کر سکتے ہیں عدالت کیوں نہیں آ سکتے : ہائیکورٹ
May 25, 2018