کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کی سابق رہنما فوزیہ قصوری پی ایس پی کے قافلے میں شامل ہو گئیں۔ انہوں نے اس بات کا اعلان پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا۔ مصطفی کمال نے پریس کانفرنس سے خطب میں کہا کہ پی ایس پی دو سال میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی جماعت بن گئی ہے۔ فوزیہ قصوری کے پارٹی میں شامل ہونے سے ہمارے نظرئیے کی توثیق ہو گئی۔ انہوں نے کہا مظلوم لوگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے لوگوں کو زبان اور قومیت سے نکال کر جدوجہد کا آغاز کیا۔ فوزیہ قصوری کا شامل ہونا اعزاز ہے۔ سندھ پر بانی ایم کیو ایم برسوں سے براجمان تھے۔ لوگ صحیح اور غلط کی تمیز کرکے پی ایس پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ عشرت العباد رسوا ہو کر گورنر شپ چھوڑ گئے۔ فاروق ستار بھی رسوا ہوئے اور اب تاریخ کا حصہ بن گئے۔ انہوں نے کہا فاروق ستار اور عشرت العباد بغیر گولی چلائے چلے گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پی پی چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے والی رہنما فوزیہ قصوری نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی۔ عمران خان سے 2012ءسے کہہ رہی ہوں کہ ہم اپنے فلسفے اور مقصد سے ہٹ رہے ہیں میں نے 2013ءمیں پارٹی چھوڑی تو عمران خان نے واپس بلا لیا پارٹی میں الیکشن اور ٹکٹ دینے کے معاملے پر بھی بہت بات ہوئی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی گئی اور اسی پارلیمنٹ میں رہنے کی تنخواہیں لی گئیں جن کا ہم نے احتساب کرنا تھا ان کو کیوں پارٹی میں لایا گیا جن حالات کا ملک کو سامنا ہے کیا اس میں تبدیلی لانے کی ضرورت نہیں؟تحریک انصاف کی بڑی بڑی باتیں تھیں آج وہ پارٹی نظر نہیں آ رہی اگر یہ حکومت بنا بھی لیں تو دعا ہے کہ عمران خان اپنے وعدے پورے کریں جس طرح لوگ دیگر جماعتوں سے آکر پی ٹی آئی میں بیٹھ گئے شائد حکومت بنا لیں۔
مصطفےٰ کمال