کراچی (آن لائن)کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں ایک خاتون اور ان کے چند ماہ کے بچے کی موت کا معمہ حل ہوگیا۔ قتل کے الزام میں ساس اور دیور گرفتار۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ دہلی کالونی کی رہائشی ایک خاتون رمشا نے اپنے چند ماہ کے بچے کے ہمراہ مبینہ طور پر اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے تھے۔بعدازاں واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والدین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے قتل کے الزام میں مقتولہ کی ساس اور دیور کو گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوگیا کہ پہلے تشدد کیا گیا اور پھر اسے عمارت کی ساتویں منزل سے نیچے پھینکا گیا۔پولیس کے مطابق خاتون کے گلے پر رسی کے نشانات ملے ہیں۔حکام کے مطابق مقتولہ رمشا کا شوہر دبئی میں ہے اور ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ خاتون کو گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے قتل کیا گیا۔