لاہور + پشاور (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) سیاسی اور مذہبی رہنمائوں نے قومی اسمبلی سے فاٹا بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عوام کو مبارکباد دی ہے۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ1947کے بعد فاٹا کے عوام کو دوسری آزادی ملی ہے۔ فاٹا کے لیے اب ترقی کا راستہ کھلے گا۔ حافظ سعید نے ترمیمی بل منظور کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا اور کہا ہے کہ اس سے امن وامان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنا پوری قوم کے لئے خوشی کا باعث ہے۔ اور محب وطن قبائلی عوام کی فلاح و بہبود کی طرف پہلا قدم ہے۔ فاٹا کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کے لئے قربانیاں دیں۔ قومی اسمبلی سے بل پاس ہونا محفوظ اور مستحکم پاکستان کے لئے بنیادی اور کلیدی فیصلہ ہے۔ملک دشمن عناصر نے بھی فاٹا کو ہدف بنایا ہوا تھا اب وطن عزیز میں ہونے والی دہشت گردی و تخریب کاری کا سلسلہ بھی رک جائے گا اورفاٹا ترقی کی جانب بڑھے گا۔ عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ انضمام کے خلاف سازش کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے۔ حکومت نے قبائلی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے سے ترقی و خوشحالی کی شروعات ہو گی، اس سے فاٹا کی تمام محرومیاں ختم ہوں گی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں وفاق اور صوبے بھی حصہ دیں گے اور وہاں کے نمائندے اپنے علاقہ کیلئے قانون سازی کر سکیں گے۔ یہ ایک تاریخی اقدام ہے۔اسفندیارولی خان نے ساری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کا انضمام ملکی سلامتی اور مضبوطی کا ضامن ہوگا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے قبائلی عوام کے لئے تاریخی دن ہے۔ فاٹاکے عوام کوحقیقی معنوں میں حقوق مل گئے ہیں۔جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے قبائلی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے محب وطن عوام کے لئے ترقی کے راستے کھل جائیں گے۔ دہشت گردی، جہالت اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کے پی کے میں فاٹا کا انضمام پی ٹی آئی کا دیرینہ مطالبہ تھا۔