راولپنڈی (نیوزرپورٹر) کینٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سید سبطین رضا کی ہدایات اور سپریٹنڈنٹ شعبہ انسداد تجاوزات حسن جان کی نگرانی میں کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے شعبہ انسداد تجاوزات نے صدر کے تمام اہم بازاروں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس سے ملکر ڈبل لائن پارکنگ اوربھکاریوں کے خلاف بھر پور کارروائی شروع کر دی ہے ،چاند رات تک صدر کے تمام بازاروں میں ڈبل لائن پارکنگ پر پابندی برقرار رہے گی ،بینک روڑ ،حیدر روڑ ، کشمیر روڈ اور دیگر مقامات پر کسی قسم کی تجاوزات کرنے والوں کا سامان ضبط کیا جارہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سی ای او راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ سید سبطین رضا کی خصوصی ہدایات پر شعبہ انسداد تجاوزات کے سپریٹنڈنٹ حسن جان نے صدربینک روڈ ،حیدر روڈ ،کشمیر روڈ ،چھوٹا بازار ،ہسپتال روڈ ،آدم جی روڈ پرٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی ڈبل لائن پارکنگ کی مکمل روک تھام کے لئے شعبہ انسداد تجاوزات کے سپروائزر راجہ ندیم کی قیادت میں خصوصی سکواڈ تشکیل دیا ہے ۔سپر وائزر راجہ ندیم سہ پہہ 3بجے سے لیکر رات دو بجے تک صدرمیں سکواڈ کے ہمراہ موجود رہتے ہیں جو ڈبل پارکنگ کرنے والی گاڑیاں لفٹر کے ذریعے اٹھا کر ٹریفک وارڈنز کے سپرد کرتے ہیں جو ڈبل پارکنگ کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کرتے ہیں ۔یہ ہی خصوصی سکواڈ ان تمام بازارں میں بھکاریوں کے خلاف بھی کارروائی کرتا ہے اور انھیں متعلقہ تھانوں کے سپرد کر دیا جاتا ہے ۔انسداد تجاوزات کا یہ خصوصی سکواڈ ان دونوں ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معمول کی تجاوزات کے خلاف بھی ایکشن لیتے ہیں ۔راولپنڈی کینٹ کی تاجر برادری نے امید ظاہر کی کہ چاند رات تک ایسے ہی اقدامات جاری رہے تو شہریوں کو ٹریفک جام جیسے چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔
صدر کے تمام بازاروں میں ڈبل لائن پارکنگ پر پابندی برقرار رہے گی
May 25, 2018