لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ اور تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اسلام آباد کے علاقہ شہزاد ٹاؤن میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی 10سالہ بچی فرشتہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ننھی فرشتہ کے قاتلوں کو بر سر عام پھانسی دی جائے۔ معاشرے سے ایسے مظام کا خاتمہ نظام مصطفی ؐ سے ہی کیا جاسکتا ہے۔انسانی تتلیوں اور جگنؤں کی حفاظت کا ضامن صرف اور صرف اسلام ہے۔اسلامی تعلیمات سے روگردانی کی وجہ سے انسانی آبادیوں میں بھیڑے گھس چکے ہیں۔مارنگ شو جیسے حیا سوز پروگرام،شراب نوشی اور معاشرے میں عریانی فحاشی کی بھرمار فرشتہ جیسی بچیوں کی عصمت دری اور قتل کا اصل باعث ہے۔فحش فلموں نے پور ی سوسائٹی کو آتش فشاں بنا دیا ہے۔انسانی شہوت کی آگ پر تیل چھڑک کر یہ توقع رکھنا کہ معاشرے میں ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی تقدس کی چادر وں کو آگ نہ لگے بہت بڑی حماقت ہے۔معاشرے کا امن مغربی تہذیب میں نہیں مدنی تہذیب میں ہے۔اس دل دہلا دینے والے واقع میں ملوث عناصر کو نشانِ عبرت بنا دیا جائے۔دریں اثنا ء ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کوئٹہ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بم دھماکے پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے دہشتگردوں کی نرسریوں پر پابندی لگائی جائے۔