کالعدم تنظیموں کے متعدد رہنمائوں، ارکان کو گرفتار کرلیا: صمصام بخاری

لاہور(نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی، خصوصی نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے متعدد ارکان اور رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں گوجرانوالہ سے سپاہ صحابہ پاکستان کا رکن محمد زاہد اور کالعدم تنظیم جیش محمد کا رکن عرفان احمد ، لاہور سے سپاہ صحابہ کے ممبر حافظ محمد حمزہ اور حنظلہ، راولپنڈی سے جیش محمد کا کا رکن ظفر اقبال جبکہ ملتان سے سپاہ صحابہ کا رکن محمد اعجاز شامل ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ کو شروع ہوا جس میں حکومت پنجاب دیگر تمام صوبوں سے آگے رہی۔ کالعدم تنظیموں کے تمام اثاثہ جات جن کی تعداد 581ہے کو سرکاری تحویل میں لے کر وہاں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کر دیئے گئے اور ان کا کنٹرول محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے حوالے کر دیا گیا۔ ان اداروں میں کام کرنے والے تمام لوگوں کو باقاعدہ تنخواہ دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ تمام پرنٹنگ پریس پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کالعدم تنظیموں کے بارے میں کوئی مواد چھاپا نہ جا سکے۔ صوبائی وزیر نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی پرنٹنگ پریس غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔حال ہی میں اطلاعات ملیں کہ مختلف علاقوں میں بعض عناصر کالعدم تنظیموں کے لئے چندہ جمع کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی نے چھاپے مار کر ان تمام عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔منہاج القرآن کے سینئر رہنما ئوں کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری سے ملاقات کی۔وفد نے طاہر القادری کی تالیف قرآنی انسا ئیکلو پیڈیا کا سیٹ تحفے میں دیا اور انہیںتحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کے وزٹ کی دعوت دی۔سید صمصام بخاری نے شہر اعتکاف کے وزٹ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ 3جون کو شہر اعتکاف آ ئیں گے ، وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول قادری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالحفیظ چودھری ، حاجی محمد اسحاق اور ثاقب بھٹی شامل تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہر شخص قرآن حکیم سے جڑ جائے۔

ای پیپر دی نیشن