لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں صارف کو فی کس 2 کلو تک چینی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے صارف کو رمضان بازاروں میں 2 کلو تک چینی دینے کے فیصلے کی منظوری دی۔21 رمضان المبارک سے صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں عید سے متعلق اشیائ خوردونوش بھی فروخت کی جائیں گی اوررمضان بازارکے ساتھ عید بازاروں میں سوجی، سو یاں اور دیگر 5 اضافی اشیائے خورد و نوش ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی اوراس ضمن میں پنجاب حکومت 20 ملین روپے کی سبسڈی دے گی۔کابینہ کے اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد پر ربیٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیاگیااور چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے برآمدپر سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں زمین سے پانی نکال کر استعمال کرنے والی بیوریج کمپنیوں اور واٹر بوٹلنگ پر فی لٹر ایک روپیہ ایکوافر ٹیرف (واٹر چارجز)لگانے کی منظوری دی گئی اوراس ضمن میں واساز، لوکل گورنمنٹس اور محکمہ آبپاشی مذکورہ چارجز وصول کرنے کے حوالے سے اپنے اپنے دائرہ کار میں نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں وصول ہونے والی رقم کیلئے علیحدہ اکاؤنٹ قائم کردیا گیا ہے اورواٹر چارجز کی وصولی اور استعمال کا جامع میکانزم بنایا جائے گا۔فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کانام تبدیل کرکے کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رکھنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو سکول ایجوکیشن کے اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی میں ترامیم سے آگاہ کیا گیا اوراس بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ورک چارج ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے عدالتی احکامات کے مطابق ضروری اقدامات کی منظوری دی گئی۔ میرج وبینکوئیٹ ہالز اور مارکی کیلئے زیراستعمال زمین کے حوالے سے ایل ڈی اے قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں قوانین میں ترامیم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے گندم خریداری کا ٹارگٹ حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں 7ویں نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کی ششماہی مانیٹرنگ رپورٹس برائے جولائی تا دسمبر 2016، جنوری تا جون 2017 اور جولائی تا دسمبر 2017 کی منظوری دی گئی جبکہ تعمیرات و مواصلات، ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی، بلدیات اور انفراسڑکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی 2018-19 کی سالانہ آڈٹ رپورٹس کی توثیق کی گئی۔ آڈٹ رپورٹس پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی کاوشوں سے گندم کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملا ہے اورپنجاب حکومت نے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ ہمارا ہر قدم صوبے کے عوام کے مفاد میں اٹھ رہا ہے۔ عوامی خدمت کا جو سفر شروع کیا ہے، اسے رکنے نہیں دیں گے۔ عثمان بزدار نے عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے والے سرکاری ملازمین کیلئے بڑا اقدام کیاہے،جس کے تحت سرکاری ملازمین عید تک متعلقہ مجازاتھارٹی سے اجازت لے کرعمرہ کیلئے سعودی عرب جاسکیں گے اورانہیں این او سی کیلئے وزیراعلیٰ آفس سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی سہولت کیلئے وزیراعلیٰ آفس سے این اوسی لینے کی شرط عید تک ختم کی ہے۔ عثمان بزدار سے داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے 10،10 لاکھ روپے مالی امداد کے چیک دیئے۔حکومت پنجاب نے پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2023ء لانچ کردی، عثمان بزدار کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2023ء کے ذریعے اقتصادی ترقی کی راہ متعین ہوگی۔ اگلے پانچ سال کے دوران بے روزگاری میں 8.8فیصد کمی لائی جائے گی۔ ہمارا ہدف سالانہ 12لاکھ نوکریوں کی فراہمی ہے ۔2023ء تک پنجاب میں غربت کی سطح26.2سے کم کر کے 19.5فیصد پر لانا چاہتے ہیں۔ اپناگھر سکیم کے تحت اگلے پانچ سال میں سالانہ 6لاکھ 40ہزار گھر بنائے جائیںگے۔