علی محمد مہر کی جمہوریت کیلئے شاندار خدمات ہیں: قومی اسمبلی کی متفقہ تعزیتی قرارداد

اسلام آباد( آ ئی این پی ) قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد خان مہر کے انتقال پرمتفقہ طور پر تعزیتی قرارداد کی منظوری دی گئی،قرارداد میں علی محمد مہر کی عوام اور جمہوریت کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد خان مہر کے انتقال پر متفقہ طور پر تعزیتی قرارداد کی منظوری دی گئی۔ قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے قرارداد پیش کی جس میں علی محمد مہر کی عوام اور جمہوریت کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ متفقہ قرارداد میں ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ ایوان نے قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔اراکین نے وفاقی وزیر علی محمد خان مہر مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا مرحوم شفیق‘ غریب پرور اور مہربان انسان تھے‘ ان کا پاکستان کی سیاست میں مقام تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ سردار علی محمد مہر غریب پرور ‘ شفیق اور مہربان انسان تھے۔ وہ تین مرتبہ اس ہائوس کے ممبر رہے ہیں۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پرویز اشرف نے کہا کہ علی محمد مہر کے انتقال پر سب لوگ دکھی ہیں میں اپنی اور پارٹی کی طرف سے غمزدہ خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ منجھے ہوئے سیاستدان تھے اور پاکستان کی سیاست میں ان کا ایک مقام تھا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مرحوم اور ان کے بزرگوں کے ساتھ ایک طویل عرصہ رفاقت رہی ہے۔ یہ وضع دار لوگ ہیں۔اللہ ان کی اگلی منزلیں آسان کرے۔ فاروق اعظم نے کہا کہ علی محمد خان مہر اچھے اور عظیم انسان تھے‘ وہ ہمارے کولیگ بھی رہے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ ایوان کی روایت کے مطابق علی محمد مہر کے انتقال پر ایجنڈا کی کارروائی آگے نہیں بڑھائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔ قو می اسمبلی میںوفاقی وزیر علی محمد مہر کی وفات‘ قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی ٹریفک حادثہ میں وفات پا جانے اور اسلام آباد میں قتل ہونے والی 10 سالہ بچی فرشتہ مہمند کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

ای پیپر دی نیشن