اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ کے تحت مشرق قریب کے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ریلیف اور ورکس ایجنسی کے سیکرٹری جنرل پیئر کرنبہل نے عالمی برادری سے غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال پر توجہ دینے کی اپیل کی اور کہا ہے کہ اس خطے کے لیے مالی امداد حا صل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے۔انہوں نے اسی دن غزہ کی پٹی پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہاہے کہ اس خطے میں13 لاکھ فلسطنی پناہ گزینوں کو خوراک اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ وہ باعزت اور مستحکم زندگی نہیں گزار رہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کا عمل نہیں رکنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق قریب کے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ریلیف اور ورکس ایجنسی متعلقہ فریقوں کے ساتھ امداد کے حصول کیلئے رابطہ جاری رکھے گی۔ادھرعالمی ادارہ صحت کے زیراہتمام فلسطینیوںکے حقوق کی حمایت میں قرارداد منظور کی گئی۔ اس قرارداد میں مشرقی بیت المقدس اور مقبوضہ وادی گولان میں فلسطینیوں کو درپیش طبی مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد کی حمایت میں 96 اور مخالفت میں 11 ووٹ ڈالے گئے جب کہ 21 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ 184 اراکان میں 56 غیر حاضر رہے۔فلسطینی وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے منظور کردہ قرارداد کو فلسطینیوں کی کامیابی قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قرارداد کے نتیجے میں فلسطینی علاقوں میں صحت کی صورت حال بہتر بنانے اور طبی شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔