لاہور+ بھیرہ (نیوز رپورٹر) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور کر پشن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں دونوں کا خاتمہ لازم ہو چکا ہے ۔نیب سمیت تمام اداروں کو مضبوط کر یں گے اداروں کی مضبوطی سے ملک اور قوم مضبو ہوگی۔کوئٹہ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشت گردی کرنیوالے اسلام ،انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں ہم سب پاک افواج سمیت تمام سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر ملک سے دہشت گردوں اور انکے سہولتوں کاروں کا خاتمہ کر یں گے۔یوتھ پاکستان کا سر مایہ ہے ''کامیاب نوجوان پروگرام ''حکومت کا نوجوانوں کیلئے تحفہ ہے۔ وہ گور نرہائوس لاہور میں وائس چیئر مین اورسیز کمیشن وسیم رامے ،تحر یک انصاف کے عاطف چوہدری اور اویس یونس سمیت دیگر ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کوئٹہ کی مسجد میں ہونیوالی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گر د پاکستان کے امن کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کو کسی بھی صورت انکے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دریں اثناء گورنر نے بھیرہ میں نماز جمعہ کے بعد عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور ترقی کی راہ گامزن کرنے کے لیے بھرپور جدو جہد کر رہی ہے ۔ عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ مظلوم لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ سروس ایریا پہنچنے پر ان کا استقبال پی ٹی آئی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن حسن انعام پراچہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن مشتاق سکھیرا نے کیا ۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت کو تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی ہے جس کے باعث عوام کو کچھ عرصہ کے لیے مشکلات کا سامنا ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کی مثبت پالیسیوں کے باعث ملک جلد ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔
سکیورٹی فورسز سے مل کر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کردینگے: گورنر سرور
May 25, 2019