انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ناکامی بھلا کرورلڈ کپ پر توجہ دی جائے: ظہیر عباس

May 25, 2019

لاہور(آئی این پی)سابق قومی کپتان ظہیر عباس نے عالمی کپ کے حتمی اسکواڈ میں تبدیلیوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا بہترین ممکنہ کمبی نیشن تشکیل پا گیا لہذا ضرورت اس ا مر کی ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کی ناکامی کو بھلا کر ورلڈ کپ پر توجہ دی جائے۔ایشین بریڈمین ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ فارمیٹ اور انگلش کنڈیشنز کے پیش نظر اس مرتبہ عالمی کپ میں فٹنس کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہو گی اور سب سے فٹ ٹیم کو ہی لاسٹ فور میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا البتہ پاکستانی ٹیم کو اپنی فیلڈنگ کی بہتری پر بھی متوجہ رہنا چاہئے۔میگا ایونٹ میں پاک بھارت مقابلے کے بارے میں ایشین بریڈمین کا کہنا تھا کہ ریکارڈز اگرچہ بھارتی ٹیم کے حق میں ہیں لیکن اپنے دن پاکستانی ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور تمام تر انحصار اس بات پر ہوگا کہ کون سی ٹیم 16 جون کو مانچسٹر میں دباو￿ کو برداشت کرتے ہوئے اپنے اعصاب پر قابو رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ ہوگا اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون سی ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی ٹرمپ کارڈ کے مترادف ہوگی جو پہلی مرتبہ عالمی کپ میں قیادت کرنے والے ویرات کوہلی کیلئے مددگار ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں