کراچی(نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بیرونی قرضے ورلڈ بینک و آئی ایم ایف کی غلامی اور سود کی لعنت کی موجودگی میں اقتصادی بحران سے نجات حاصل نہیں کی جاسکتی ۔ملک کی سیاست ،حکومت ،معیشت ،معاشرت اور عدالت سمیت زندگی کے ہر شعبے کو قرآنی احکامات کے تابع کرنے کی ضرورت ہے،اللہ کے دین اور اجتماعی نظام کو نافذ کرنے سے برکتیں اور رحمتیں نازل ہوں گی ،دین کا غلبہ اور قرآن کی بالادستی ہمارا مقصد حیات ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ سر جانی ٹائون کے تحت سیکٹر 7/Dمیں دعوتِ افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دعوتِ افطار سے ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ عوام کو مسائل سے نجات اور عدل و انصاف اس وقت تک فراہم نہیں ہوسکتا جب تک کہ اسلامی نظام حکومت قائم نہ ہوجائے ، اسلام کا عادلانہ نظام ہی سب کو انصاف فراہم کرسکتا ہے، اس نظام میں امیرو غریب اور حاکم و عوام سب کے ساتھ یکسا ں سلوک ہوگا ،ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک میں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کر نے کی جدو جہد کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف سے قرضے لے رہے ہیں ، جس کا فائدہ اٹھا کر مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہمارے نصاب میں قرآنی آیات ختم کرنے ، توہین رسالت ؐ کے قانون میں ترمیم کرنے ، ٹیکسوں میں اضافے اور ملک میں مہنگائی کرنے کی ڈیل کی گئی ہے ۔ہمارے حکمرانوں کے اندر جرات نہیں کہ آئی ایم ایف سے دوٹوک بات کریں، ملک کے معاشی حالات اس وقت تک درست نہیں ہوسکتے جب تک معاشی نظام سود سے پاک نہ ہو ،پورا نظام معیشت سود پر چل رہا ہے جو کہ اللہ اور رسول ؐ سے جنگ کے مترادف ہے ۔
آئی ایم ایف کی غلامی اقتصادی بحران سے نجات نہیں دلاسکتی،حافظ نعیم
May 25, 2019