تبدیلی سرکارکوووٹ دینے والے اب تبدیلی چاہتے ہیں، سید مصطفیٰ کمال

May 25, 2019

کراچی(نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ تبدیلی کو ووٹ دینے والے اب تبدیلی کو ہی تبدیل کرنا چاہتے ہیں، اس شہر کی سیاست کرنے والوں کو شہریوں نے اپنا سب کچھ دیا گورنر، وزیر، ایم این ایز، ایم لی ایز، میئر، یہاں تک کہ 30 ہزار نوجوان منوں مٹی تلے سلا دیئے، ایک نسل تباہ ہو گئی، ایک جیلوں میں چلی گئی، ایک لاپتہ ہو گئی اور یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس گٹر لائنوں کا بھی اختیار نہیں ہے۔ ہماری وہاں آج بھی کسی سے کوئی دشمنی نہیں،نہ کسی ذاتی مفاد کی خاطر یہ کام کیا ہے بلکہ وہاں کراچی والوں کیلئے خیر کے فیصلے نہیں ہو رہے تھے، وہاں سے شر پھیل رہا تھا۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تحت دعوت افطار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر مہاجر کر کے مہاجروں کو دوسری قومیتوں کے لوگوں سے دور نہیں کرنا چاہتے۔ مہاجر نام پر سیاست کرنے کا سب سے زیادہ نقصان مہاجروں کو ہوا ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہتھیار دے کر راتوں کو ڈیوٹیاں نہیں دلوانا چاہتے بلکہ ہم نے نوجوانوں کو کہا کہ ہتھیار پھینکو اور قلم اٹھاؤ۔ آج ہمارے آنے کے بعد مہاجر نوجوان لاپتہ نہیں ہو رہا، اس کی لاش شہداء قبرستان میں نہیں جا رہی، ڈھائی سو سے زائد ماؤں کو انکے بچے سے ملا دیا ہے، آج شہر میں امن ہے، رینجرز لوگوں کو اٹھاتی نہیں پھر رہی،آج جب گھروں سے روزگار کے لئے بچے روانہ ہوتے ہیں تو مائیں سارا وقت ڈر کے ماحول میں ان کی صحیح سلامت واپسی کے لیے دعائیں نہیں کرتی رہتیں۔ یہ شہر عوام نے سب کے حوالے کر کے دیکھ لیا، آخری مرتبہ یہ ہمارے ہاتھوں سے بنا تھا اور اب بھی ہم ہی اسے بنا سکتے ہیں، لوگ ہمارے ساتھ جڑنے میں جتنی زیادہ دیر کریں گے یہاں اتنی زیادہ تباہی و بربادی ہوگی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کی مختلف تاجر برادریوں، عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے دعوت افطار میں شرکت کی۔

مزیدخبریں