لاہور (نامہ نگار) غازی آباد کے علاقے میں منشیات فروشوں کے 70/80 ساتھیوں نے چھاپہ مارنے والی ٹیم میں شامل خاتون سمیت 9 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، ان کی وردیاں پھاڑ دیں اور پرس، پولیس کارڈز اور ہزاروں روپے نقدی چھین لی اور دونوں منشیات فروشوں کو پولیس حراست سے فرار کرا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس کے سب انسپکٹر محمد سانول مقصود کی سربراہی میں ایک خاتون اہلکار عائشہ اشتیاق سمیت 9 پولیس اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر منشیات فروشوں کو پکڑنے کے لئے صدر گول چکر کے قریب چھاپہ مارا۔ ایک بدنام زمانہ منشیات فروش جابر سلطان کو پکڑ کر 8 سو گرام چرس برآمد کر لی۔ جس کے بعد اس کی نشاندہی پر غازی آباد کے علاقے سے عمران کو گرفتار کر کے 11 سو گرام چرس برآمد کر لی۔ اس دوران عمران کے پکارنے پر 70/80 افراد جن کے پاس ڈنڈے اور اینٹیں تھیں وہ وہاں آ گئے اور انہوں نے پولیس ٹیم پر دھاوا بول دیا۔ تھانہ غازی آباد پولیس نے سب انسپکٹر محمد سانول کی درخواست پر منشیات فروشوں جابر سلطان اور عمران سمیت ان کے 70/80 ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دئیے۔
غازی آباد: منشیات فروشوں کا چھاپہ مار پولیس ٹیم پر تشدد‘ وردیاں پھاڑ دیں
May 25, 2021