راولپنڈی ( اپنے سٹاف ر پو رٹرسے ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں ماہانہ میلادِ پاک بارہویں شریف کے موقع پر شانِ حضرت سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی فلسطین کے سفیر احمد ربعی تھے اور ممبرانِ اسلامی نظریاتی کونسل مفتی محمد زبیر اور مفتی محمد عمیر (کراچی) نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ عہدِ نبوی ؐ میں صحابہ کرام و اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعٰین، ان کے بعد تابعین، تبع تابعین اور ہر زمانے کے مسلمانانِ عالم اپنے کریم آقا ؐ سے اپنی محبت و غلامی کا اظہار کرنے کے لئے محافلِ میلاد پاک و نعت پاک کا انعقاد کرتے ہیں۔یہی گھڑیاں ربِ رحمن کی رحمتوں و کرم نوازیوں کے حصول کا ذریعہ، گناہوں کو معاف کروانے والی ، درجات کی بلندی اور سب سے بڑھ کر ہماری ہمیشہ کی زندگی کیلئے ہمارا قیمتی ترین سرمایہ ہیں۔ محسنِ اعظمِ انسانیت ؐ کے ذکرِ خیرکے ساتھ ساتھ آپ ؐکے عزیز ترین چچا جان سید الشہداء حضرت امیر حمز ہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور غزوہِ احد کا ذکرِ خیر بھی ہمارے ایمانوں کی تقویت اور سعادتِ دارین کا باعث ہے۔ شانِ حضرت سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ عشق و ناموسِ رسولِ مقبول ؐ کا جذبہ مسلمانانِ عالم کے سروں کا تاج ، دلوں کی دھڑکن اور آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔آج بالخصوص فلسطین اور جہاں جہاں بھی مسلمانانِ عالم ظلم و ستم کا شکار ہیں ان مظالم کا درد تمام امتِ مسلمہ اپنے دل میں محسوس کر ے کیونکہ تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں اور اگر جسم کے کسی حصے میںبھی درد ہو تو سارا جسم اس درد کومحسوس کرتا ہے۔ مسجدِ اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اس کے تقدس کو پامال ہونے سے بچایا جائے۔فلسطین کے تمام مسلمانوں کو اپنے مذہب کے مطابق اپنی زندگیاں پر امن طور پر گزارنے کی مکمل آزادی ہو اور انہیں اپنے گھروں سے جبری طور پر بیدخل نہ کیا جائے۔