لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ کا کہنا ہے بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کے غلط فیصلوں سے نچلی سطح کی کرکٹ تباہ ہو چکی ہے۔ اب کرکٹ بورڈ صوبائی ایسوسی ایشن کی سطح پر روز مرہ کے معاملات میں ضلعی انتظامیہ کو شامل کر رہا ہے اس فیصلے سے نچلی سطح پر کھیل کی خودمختاری مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ ملک کا مقبول ترین کھیل سرکاری افسران کا محتاج بن جائے گا۔ کسی کو گراؤنڈ چاہیے تو پیشگی اجازت کی ضرورت ہے، ماضی میں کرکٹ منتظمین میدانوں کو کی دیکھ بھال کرتے تھے اور کرکٹ بورڈ بھی کرکٹ گراؤنڈز کی دیکھ بھال کرتا تھا اس معاملے میں حکومتی سرپرستی کی کبھی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ملک میں کرکٹ کے مضبوط بنیادی ڈھانچے کی وجہ ہی کرکٹ بورڈ اور علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی خود مختاری تھی۔ اب کرکٹ بورڈ بیوروکریسی کو شامل کر رہا ہے۔ ملک میں دیگر تمام کھیلوں کی بدترین حالت حکومتوں اور بیوروکریسی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔