کراچی (نیوزرپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کرپٹو کرنسی جوئے کی ایک شکل ہے ، عوام احتیاط کریں اور اجتناب برتیں۔ یہ پونزی اسکیم ہے جس کے ذریعے منی لانڈرنگ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ کرپٹو کرنسی کے ناکام ہونے کی صورت میں کوئی بھی فرد یا ادارہ آپ کے پیسے واپس نہیں دلوا سکتا ۔ جو کام پہلے سوئس بینک اکاونٹ کوڈ کرتے تھے اب بین الاقوامی قوانین میں سختی کی وجہ سے کرپٹو کرنسی کوڈ کر رہا ہے۔ یہ ایک فراڈ ہے جس کی مثال ایسے ہے جیسے پرانے شکاری اور نیا جال ۔ بٹ کوائن بڑے سرمایہ داروں کا گیم پلان ہے جس کے بعد چھوٹے سرمایہ دار بالآخر قلاش ہو جائیں گے۔کرپٹو کرنسی کے فروغ سے حکومتوں کی کرنسی پر اجارہ داری ختم ہو جائیگی۔پوری دنیا میں بلا روک ٹوک پیسے منتقل کئے جا سکتے ہیں۔ یہ رقم دہشت گردی کے لئے بھی استعمال ہو سکتی ہے۔ سیکیوریٹی کرپٹو الگورتھم لوگوں کو اعتماد دینے کے لئے ہے۔کرپٹو کرنسی الگورتھم بریک ہونے کی صورت میں لوگوں کو سرمایہ ڈوب جائے گا۔دنیا واپس گولڈ اسٹینڈرڈ کو اختیار کرے۔ اس سے افراط زر بھی کنٹرول ہوگا اور مہنگائی بھی۔ لوگوں کی محنت کو اسٹور کرنے کے لئے سب سے بہتر سونا اور چاندی ہے کیونکہ اس میں سب سے کم رسک ہے۔سونے چاندی کی کرنسی اختیار کرنے کی صورت میں دنیا کو ڈالر اور یورو کی بلیک میلنگ سے نجات مل جائے گی۔بغیر محنت کئے محض قیاس آرائیاں کرکے پیسا کمانا جوئے کی بدترین شکل ہے۔ نوجوان محنت پر بھروسہ کریں اوراپنے زور بازو سے کمائیں۔