اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے منفی رویے سے مایوسی ہوئی ہے۔
اکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ پرتکلف ضیافت میں عوام کا کوئی مسئلہ زیربحث نہیں آیا۔انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پرتکلف ضیافتیں بے جان اپوزیشن کو اقتدار میں نہیں لا سکتی ہیں۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے مشورہ دیا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ایشوز پر سیاست کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی ایشوز پر سیاست ہی قوم کی خدمت ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ہے جس میں پی پی، اے این پی اور جے یو آئی (ف) سمیت دیگر جماعتوں نے شرکت کی ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے عشائیے میں پی پی اور اے این پی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کی بھی دعوت دی ہے جس پر دونوں جماعتوں کے وفود نے قیادت سے صلاح و مشورے اورسوچ بچار کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔